ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / حضرت مولانا محمدریاست علی صاحب کا انتقال علمی دنیا کا بڑا نقصان ہے:مولانا محمد ولی رحمانی

حضرت مولانا محمدریاست علی صاحب کا انتقال علمی دنیا کا بڑا نقصان ہے:مولانا محمد ولی رحمانی

Sat, 20 May 2017 19:08:24    S.O. News Service

مونگیر20مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دارالعلوم دیوبند کے استاذالاساتذہ اور بڑے محدث حضرت مولانا محمدریاست علی صاحب بجنوری ؒآج دیوبند میں بعد نماز فجراپنے مالک حقیقی سے جا ملے، انا للہ وانا الیہ راجعون،خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشیں امیر شریعت مفکراسلام حضرت مولانا محمد ولی صاحب رحمانی نے انکے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہا ر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت مولانا محمد ریاست علی صاحب ایک جید عالم دین اور ممتاز محدث تھے، علم حدیث اور دوسرے علوم پر مضبوط گرفت تھی،دارالعلوم میں ان کی تعلیمی خدمات تقریباً نصف صدی پر محیط ہے، عمر کی آخری منزل میں بھی وہ بڑی چستی اور مستعدی سے پڑھاتے تھے،آج اللہ نے انہیں اپنے یہاں بلالیا، آخری وقت تک وہ دارالعلوم دیوبند کے لیے کارگذار رہے، وہ تین نسلوں کے استاذ تھے، ان سے فیض حاصل کرنیوالوں میں بڑے بڑے علماء شامل ہیں۔ حضرت مولانا رحمانی نے کہا کہ زبان وادب کا اچھا ذوق تھا عربی ادب کے ساتھ ساتھ اردو ادب پر بھی گہری نگاہ تھی اچھے اشعار کہنے کے عادی تھے، اللہ تعالیٰ نے انہیں غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا تھا، ان کا انتقال نہ صرف دارالعلوم دیوبندکابلکہ علمی دنیاکابڑانقصان ہے، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، جنت الفردوس میں جگہ دے، اور پسماندگان کوصبر جمیل عنایت فرمائے۔جامعہ رحمانی مونگیر میں ان دنوں سالانہ امتحان چل رہا ہے انتقال کی خبر سنتے ہی امتحان روک دیا گیا اوراہتمام کے ساتھ ختم قرآن اور ایصال ثواب کیا گیا، جس میں طلبہ،اساتذہ،منتظمین، کارکنا ن اور خانقاہ رحمانی کے واردین وصادرین نے شرکت کی۔


Share: